انکولہ:18 ؍ ڈسمبر(ایس اؤ نیوز)تعلقہ کی قومی شاہراہ 63پر ماستی کٹا کے قریب بدھ کو کار میں سفر کررہے مسافروں پر حملہ کر کے 6لاکھ روپئے لوٹ لینے کےمعاملےمیں انکولہ پولس نے تین ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے، اس بات کی جانکاری ضلع ایس پی ڈاکٹر سمن پنیکر نے دی ۔
لوٹ معاملے میں گرفتار تین ملزموں میں ایک نابالغ ہے، البتہ دیگر دو کی شناخت ہبلی ، گوپن کوپاکے امیش بھیمپا بنکاپور(21) ور تاریہال دیہات کے روہیت پرشورام وڈر (21) کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ گرفتارشدہ ملزموں سے لوٹے گئے 4،47،000روپئے نقد، 3موبائیل، مختلف بینکوں کے 9چک بکس اور کارستانی کےلئے استعمال کی گئی بائک ضبط کرلی گئی ہے۔
ذرائع نے خبر دی ہے کہ تینوں ملزموں نے لوٹ کی اس کاکارستانی کو انجام دینے کےلئے دومہینے سے منصوبہ ترتیب دیاتھا۔جانچ کے دوران پولس کو جب پتہ چلا کہ بیوپاریوں کا کار ڈرائیور بھی اس سازش میں ملوث ہے تو اسی وقت سے کارڈرائیور کا پیچھا کرتےہوئے پولس نے ملزموں کو گرفتارکرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
ڈی وائی ایس پی ویلنٹائن ڈیسوزا کی رہنمائی میں سی پی آئی سنتوش شٹی کی قیادت میں تھانہ پی ایس آئی پروبیشنری مشہد احمد اور عملہ کارروائی میں شریک تھا۔ عوام میں خوف کا ماحول پیدا کرنے والے اس معاملے کو کم دنوں میں سلجھانے پر ضلع ایس پی ڈاکٹر سمن پنیکر اور اے ایس پی بدری ناتھ نے نے پولس افسران اور عملے کی ستائش کی ہے۔
واقعہ کی تفصیل:قومی شاہراہ 63کے ماستی کٹاکے قریب بائک پرپہنچے دو انجان لوگوں نے مسافرکار کو روک کر حملہ کرنے کے بعد لاکھوں روپئے اینٹھ کر فرار ہوگئے تھے۔ ہبلی سے تعلق رکھنے والے دو بیوپاری کاروار اور انکولہ میں الکٹرک سامان بیچ کر نقد رقم لےکر اپنی کار میں ہبلی واپس جار ہے تھے۔ اسی دوران حملہ آوروں نے کار روک کر بیوپاریوں پر حملہ کرنےکے علاوہ ان کے پاس موجود 6لاکھ روپئے لے کر فرار ہوگئے تھے۔ دونوں بیوپاریوں کی شناخت ہبلی کے ونود اور کیول چند کے طورپر کی گئی تھی ۔اس سلسلےمیں بیوپاریوں نے انکولہ پولس تھانے میں کیس درج کیاتھا۔